نئی دہلی: 30 /اپریل(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) لوک سبھا انتخابات 2019 کا چوتھا مرحلہ ختم ہو چکا ہے، لیکن ای وی ایم پر اعتماد اور اس سے منسلک سوال اب بھی مسلسل اٹھ رہے ہیں۔ انتخابات کے درمیان میں آندھرا پردیش حکومت کے تکنیکی مشیر ہری پرساد ویمر بتا رہے ہیں کہ ای وی ایم کو کیسے ہیک کیا جا سکتا ہے۔حیدرآباد کے ادارے دی انسٹی ٹیوٹ الیکٹرانکس اینڈ ٹیلی کمیونی کیشن انجینئرز نے منگل شام 6 بجے ایک پروگرام منعقد کیا ہے۔الیکٹرانک ووٹنگ مشین ان دی فیسٹیول آف ڈیموکریسی نام کا یہ پروگرام عثمانیہ یونیورسٹی میں چل رہا ہے۔ اس پروگرام میں تکنیکی ایکسپرٹ ای وی ایم پر اعتماد کے متعلق گفتگو کریں گے۔ اس پروگرام میں بڑی تعداد میں لوگ پہنچے ہیں۔ واضح ہو کہ آندھرا پردیش میں 11 اپریل کو لوک سبھا انتخابات کے دوران ای وی یام میں مبینہ طور پر خرابی کی خبر آئی تھی۔ سی ایم چندرا بابو نائیڈو نے اس معاملے کی تفصیلی شکایت الیکشن کمیشن سے کی تھی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق خود کو ای وی ایم ایکسپرٹ کہنے والے ہری پرساد وپر مبینہ طور پر الیکشن کمیشن کی ای وی ایم مشین چرانے کا الزام ہے۔آندھرا پردیش میں انتخابات کے بعد وزیر اعلی چندرا بابو نائیڈو ہری پرساد ویمر کے ساتھ الیکشن کمیشن کے پاس گئے تھے اور الیکشن کمیشن سے اپیل کی تھی کہ ان کی ٹیم ای وی ایم کے تکنیکی مسائل پر ہری پرساد سے بات کرے۔ لیکن الیکشن کمیشن نے ہری پرساد کے ساتھ کسی بھی طرح کی بات چیت کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایک شخص جس کا مجرمانہ ریکارڈ رہا ہے وہ سی ایم کے ساتھ وفد میں کیسے شامل ہو سکتا ہے۔